گجرات،یوپی اور تریپورہ میں ’’کھیلا ہوبے‘‘ پروگرام کی اجازت نہیں

   

کلکتہ ۔ ترنمول کانگریس نے 16اگست کو مغربی بنگال سمیت اترپردیش، گجرات اور تری پورہ میں کھیلا ہوبے دیوس منانے کا اعلان کررکھا ہے تاہم اب تک لکھنو اور گجرات حکومت کی جانب سے پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہیں ملی ہے ۔جب کہ کئی ہفتے قبل ہی ترنمول کانگریس کی مقامی یونٹ نے درخواست دی تھی۔ اترپردیش ترنمول لیڈر نیرج رائے نے آج مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرکے ایک بار پھر درخواست دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے انہیں بہت پہلے مکتوب کی نقل بھیجی تھی لیکن اب بھی وہ اجازت دینے سے قاصر ہیں۔ درحقیقت یوگی حکومت اپوزیشن جماعتوں کو برداشت نہیں کررہی ہیں۔ 21 جولائی کو ترنمو ل کے شہید دیوس کے موقع پر ممتا بنرجی کی تقریر تریپورہ اور یوپی میں نشر کی گئی تھی۔اس کے بعد ہی ترنمول کانگریس کی مقامی یونٹوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج اور گرفتاری دی تھی۔ یوپی حکومت کے مطابق کسی بھی جلوس یا تقریب کے لیے 10 دن پہلے اجازت لینا ضروری ہے ۔ ترنمول نے دعویٰ کیاہے کہ دس دن قبل ہی ہم نے درخواست دی تھی اس کے باوجود لکھنو پولس ہمیں اس کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ گجرات میں بھی ایسا ہی ہوا ۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ مقامی پولس انتظامیہ کو بار بار درخواست دی گئی مگر اس کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔ کھیلا ہوبے دیوس پر 9ممبران پارلیمنٹ اور ایک درجن ریاستی وزرا موجود رہیں گے وہاں بھی پروگرام کے انعقاد کو لے کر کوئی اجازت نہیں ملی ہے ۔ترنمول کانگریس نے کہا ہے کہ اگر ہمیں اجازت نہیں ملتی ہے تو ہم ملک بھر میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کے خلاف احتجاج کریں گے ۔