گجرات اور راجستھان کے درمیان عنقریب ٹرین کا آغاز

   

نئی دہلی، 14 جون (یواین آئی) گجرات اور راجستھان کے عوام کو جلد ہی ایک نئی ریلوے سروس کا تحفہ ملنے والا ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ریلوے کے وزیر ایشونی ویشنو جلد ہی احمد آباد ۔ بیکانیر ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ یہ نئی ایکسپریس ٹرین مغربی ہندوستان کے دو اہم سیاحتی علاقوں کو آپس میں جوڑے گی۔ گجرات کے مشہور سابرمتی ریور فرنٹ، موڈھیرا سورج مندر، پٹن کی رانی کی واؤ اور احمد آباد کے تاریخی ورثے سے لطف اندوز ہونا ہو، یا پھر راجستھان کے شاندار جونا گڑھ قلعہ، کرنی ماتا مندر، تارا گڑھ پیلس اور بیکانیر کی ثقافت اور صحرائی سیاحت کا تجربہ کرنا ہو، یہ ٹرین مسافروں کو ایک آسان اور براہِ راست ریلوے رابطہ فراہم کرے گی۔ریلوے نے کہا ہے کہ یہ نئی ٹرین گجرات کے احمد آباد، مہسانہ، پٹن اور بناس کانٹھا اضلاع اور راجستھان کے جالور، بالوترا، جودھ پور، ناگور اور بیکانیر اضلاع کے لوگوں کو فائدہ پہنچائے گی۔ اس ٹرین کے اہم اسٹیشن سابرمتی، مہسانہ، پٹن، بھابھڑ، دھانیرا، رانی واڑا، مارواڑ بھینمال، مودران، جالور، میکنتسر، سمدڑی، لونی، جودھ پور، ، بیکانیر اور لال گڑھ ہوں گے ۔