گجرات میں فرقہ وارانہ کشیدگی قصہ پارینہ : روپانی

   

جرائم کی شرح میں بھی دیگر ریاستوں کے مقابل بہت کم
احمدآباد 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے کہاکہ ان کی ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ گجرات میں جرائم کی شرح میں بھی دیگر ریاستوں کے مقابل بہت کم ہے۔ اُنھوں نے پولیس فورس سے اظہار تشکر کیاکہ اس نے ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کو یقینی بنایا۔ وہ یہاں پریسڈنٹ پولیس میڈل اور پولیس میڈلس کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر 168 پولیس ملازمین کو ایوارڈس دیئے گئے۔ ان میں ڈائرکٹر جنرل پولیس پی پی پانڈے بھی شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ گجرات پولیس کا وقار سارے ملک میں اونچا ہے۔ ہماری ریاست میں جرائم کی شرح بھی بہت ہی کم ہے۔ گجرات کو ترقی حاصل ہورہی ہے کیوں کہ ہم نے یہاں لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھا ہے۔ غیر سماجی عناصر اب اپنا سر اُبھارنے کی ہمت نہیں کرسکتے۔ گودھرا ٹرین آتشزدگی 27 فروری 2002 ء واقعہ کے بعد ریاست میں جو فسادات بھڑک اُٹھے تھے جس میں ایک ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے ان میں زیادہ تر اقلیتی طبقہ کے افراد شامل ہیں۔