گجرات کو ہندوستان کا تعلیمی مرکز بنانے کی مساعی

   

حیدرآباد میں ’ اسٹڈی ان گجرات ‘ شو کا اہتمام ، ریاستی وزیر گنپت سنہا واسوا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30جنوری (سیاست نیوز)گجرات کو تعلیم کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کی اپنی کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے گجرات حکومت کے محکمہ تعلیم نے کل یہاں حیدرآباد میں ایک روڈ شو کا اہتمام کیا۔ ’’ اسٹڈی ان گجرات‘‘ مہم کا آغاز ریاستی حکومت نے دوسری ریاستوں اور بیرون ملک طلبا کو گجرات میں تعلیم کیلئے مدعو کرنے کے مقصد سے کیا ہے۔حیدرآباد کی ہوٹل پارک حیات میں منعقدہ اس شو کا مقصد گجرات میں فروغ پزیر تعلیم کے شعبے کی ایک جھلک فراہم کرنے اور اعلی تعلیم کے حصول میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ریاست گجرات کے پیش کردہ مواقع سے حیدرآبادی عوام کو واقف کروانا تھا ۔ دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو مزید تفصیلات فراہم کرنے کے لئے ریاست کے اعلی درجہ کے این بی اے اور این اے اے سی کے منظور شدہ اداروں کے نمائندے وفد نے اس شو میں شرکت کی ۔اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے گجرات کے جنگلات اور قبائلی بہبود کے وزیر گنپت سنہا واسوا نے کہا کہ 1990 کا وہ دہا بھی تھا جب گجرات کے طلبہ کو بیرون ریاست سفر کرنا پڑتا تھا تاکہ وہ تعلیم حاصل کریں لیکن اب گجرات نے تعلیم کے میدان میں بہتری کی ہے اور اب نہ صرف ہمارے طلباء بلکہ دیگر ریاستوں اور ہندوستان سے باہر کے طلباء بھی گجرات میں رہائش پزیر ہوکر تعلیم حاصل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس اہمیت کے پیش نظر چیف منسٹر شری وجئے روپانی کی رہنمائی میں اب گجرات کو ہندوستان کے تعلیمی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لئے ایک پہل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گجرات میں بہتر تعلیم کے مواقع کی ایک بنیادی وجہ امن و امان اور بہتر نظام کے ساتھ ساتھ محفوظ ماحول ہے۔ ہندوستان اور بیرون ملک سے آنے والی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے علاوہ ریاست کے تعلیم کے شعبے نے ہندوستان اور دنیا کے مختلف حصوں کے طلباء کی ایک بڑی تعداد کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لئے راغب کیا ہے۔ اس وقت ریاست میں دس ہزار غیرملکی طلبا ہیں جو تعلیم حاصل کررہے ہیں۔گجرات میں طلباء نے ایک قابل ذکر کاروباری رجحان دکھایا ہے جو اسٹوڈنٹ اسٹارٹ اپ اور انوویشن پالیسی کے تعاون سے ترتیب دیئے گئے اسٹارٹ اپس ہے۔محکمہ تعلیم نے رواں ماہ کے شروع میں کویت اور دبئی میں گجرات کے روڈ شوز میں اسٹڈی کا اہتمام کیا تاکہ بیرون ممالک سے زیادہ طلباکو ریاست کی طرف راغب کیا جاسکے۔ اس نے گوہاٹی ، لکھنؤ ، پٹنہ ، رانچی اور اندور میں اسی طرح کے روڈ شو کی میزبانی کی ہے اور جنوری کے مہینے میں رائے پور اور ناسک سمیت شہروں میں بھی اسی طرح کے روڈ شوز کی میزبانی کی گئی ہے ۔ اس روڈ شو کا اہتمام پنڈت دین دیال پیٹرولیم یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا گیا ہے جو اس کی شراکت دار ہے۔ گجرات کی 16 یونیورسٹیوں نے روڈ شو میں شرکت کی اور حیدرآباد سے یونیورسٹی کے نمائندوں سے بات چیت کی۔