گرمائی تعطیلات کے باوجود بعض اسکولس میں خصوصی کلاسیس

   

شدید گرمی کے باعث طلباء کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے گرمائی تعطیلات کے اعلان کے باوجود دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے بیشتر اسکولوں میں ہائی اسکول بالخصوص دسویں اور نویں جماعت کے طلبہ کے لئے خصوصی کلاسس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جو کہ طلبہ کو موسم گرما کی شدت میں تکلیف میں مبتلاء کرنے کے مترادف ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے کئے گئے تعطیلات کے اعلان کے ساتھ محکمہ تعلیم اس فیصلہ کو سختی سے نافذالعمل بنانے کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت جاری کرچکا ہے لیکن اس کے باوجود کئی اسکولوں میں دسویں جماعت کے طلبہ کے لئے امتحانات منعقد کئے جا رہے ہیں اور ان کے خصوصی کلاسس کا اہتمام عمل میں لایاجارہا ہے ۔ محکمہ تعلیم کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ان اسکولوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ آئندہ تعلیمی سال جو طلبہ دسویں جماعت میں جانے والے ہیں ان کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور انہیں دسویں کے امتحانات کی ابھی سے تربیت فراہم کرنے کی اسکول انتظامیہ کی جانب سے کوشش کی جاتی ہے اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن جاریہ موسم گرما میں گرمی کی شدت کو محسوس کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو شدید گرمی کے دوران اسکول طلب کرنے سے گریز کریں اور گرمائی تعطیلات کے دوران خصوصی کلاسس کا انعقاد کرنے سے اجتناب کریں ۔ خانگی اسکول انتظامیہ اپنے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے خصوصی کلاسس کا اہتمام کر رہے ہیں جس سے یقینا طلبہ کو فائدہ ہوگا لیکن اس کے باوجود موسم گرما کی شدت کے سبب ان کی صحت کا خیال بھی رکھا جانا چاہئے ۔ اسکول انتظامیہ کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ اگر تعلیم کے تسلسل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو ایسی صورت میں طلبہ کی دلچسپی میں کمی واقع ہوتی ہے اسی لئے وہ بغیرتعطیلات سالانہ امتحانات کے بعد بھی خصوصی کلاسس منعقد کر رہے ہیں اور اس کے لئے طلبہ کے سرپرستوں کی رضامندی حاصل کی جا رہی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گرمائی تعطیلات کے دوران خصوصی کلاسس کا انعقاد خواہ وہ والدین اور سرپرستوں کی رضامندی سے ہی کیوں نہ ہو اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ موسم گرما کی شدت کے پیش نظر طلبہ کو یہ تعطیلات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ اساتذہ اور طلبہ دونوں ہی ان ایام کے دوران گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اسی لئے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران اگر کسی اسکول میں خصوصی کلاسس کا اہتمام کیا جاتا ہے تو اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔3