گرمائی تعطیلات کے باوجود کارپوریٹ جونیر کالجس کی من مانی

   

سال دوم کی کلاسیس کا آغاز، بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے تساہل سے طلبہ کو مشکلات
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) حکومت کے واضح احکامات کے باوجود کارپوریٹ و خانگی کالجس کی من مانی جاری ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے جونیر کالجس کیلئے یکم جون تک گرمائی تعطیلات کا اعلان کردیا لیکن کئی خانگی اور کارپوریٹ کالجس تعطیلات کے باوجود کلاسیس کا اہتمام کررہے ہیں۔ ان کالجس نے انٹر امتحانات کے اختتام کے ایک ہفتہ بعد سے کلاسیس کا آغاز کردیا ہے اور طلبہ پر شرکت کیلئے ڈالا جارہا ہے۔ شہر میں تقریباً تمام کارپوریٹ کالجس نے سیکنڈ ایئر طلبہ کیلئے کلاسیس کا آغاز کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بہتر نتائج کیلئے کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ طلبہ سیکنڈ ایئر کی بہتر تیاری کرلیں ۔ یہ کالجس انٹر سیکنڈ ایئر و مسابقتی امتحانات کی کلاسیس کا بھی اہتمام کررہے ہیں۔ خانگی جونیر کالجس طلبہ کے سرپرستوں نے شکایت کی کہ بچوں کو سیکنڈ ایئر کلاسیس میں شرکت کیلئے مجبور کیا جارہا ہے۔ گرمائی تعطیلات میں کلاسیس کے انعقاد کا مقصد طلبہ کو دیگر کالجس سے رجوع ہونے سے روکنا ہے۔ فرسٹ ایئر طلبہ کو سیکنڈ ایئر میں برقرار رکھنے یہ فیصلہ کیا گیا۔ جونیر کالجس کے لکچررس امتحانی پرچوں کی جانچ میں مصروف ہیں باوجود اسکے کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ بورڈ سے تاحال کسی کالج کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جس سے کالجس انتظامیہ کے حوصلے بلند ہیں۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کی تعلیم کا یکم جون کو آغاز ہوگا۔ یکم اپریل سے جونیر کالجس کی گرمائی تعطیلات کا آغاز ہوچکا ہے اور 31 مئی تک تعطیلات جاری رہیں گی۔ر