گرمیت کو جرنلسٹ کے قتل کیس میں عمرقید

,

   

پنچکولا ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے آج خودساختہ سادھو گرمیت رام رحیم سنگھ اور تین دیگر ملزمین کو زائد از 16 سال قبل پیش آئے ایک جرنلسٹ کے قتل کی پاداش میں عمرقید کی سزا سنائی ہے۔ ڈیرہ سچا سودا کا سربراہ اور تین دیگر نرمل سنگھ، کلدیپ سنگھ اور کرشن لال یہاں عدالت کے روبرو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حاضر ہوئے۔ سی بی آئی کونسل ایچ پی ایس ورما نے کہا کہ تمام چاروں خاطیوں کو عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عدالت نے ہر مجرم پر 50,000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے، نیز نرمل سنگھ اور کرشن لال کو آرمس ایکٹ کے تحت تین سال کی سزا فی کس 5,000 روپئے کے ساتھ دی گئی۔ دونوں سزاؤں پر ایک ساتھ عمل درآمد کیا جائے گا۔ 11 جنوری کو اسپیشل سی بی آئی کورٹ جج جگدیپ سنگھ نے جرنلسٹ رام چندر چھترپتی کے 2002ء میں پیش آئے قتل کیلئے یہ چاروں کو مجرم قرار دیا تھا۔ تمام چاروں کو تعزیرات ہند کے سیکشن 302 (قتل) اور 120 B (مجرمانہ سازش) کے تحت خاطی پایا گیا۔ گرمیت ، روہتک کی سناریا جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حاضر ہوا، جہاں وہ پہلے ہی ایک ریپ کیس میں 20 سال کی سزا بھگت رہا ہے۔ دیگر تین مجرمین امبالا جیل سے حاضر ہوئے۔ سی بی آئی کونسل نے کہا کہ گرمیت کی عمرقید تب شروع ہوگی جب وہ ریپ کیس میں اپنی 20 سالہ سزا مکمل کرلے گا، اور بیان کیا کہ یہ فوجداری قانون کے سیکشن 427 کے تحت قاعدہ ہے۔ سی بی آئی نے مجرمین کیلئے زیادہ سے زیادہ سزا پر زور دیا تھا جبکہ گرمیت کے وکلاء نے اقل ترین سزا کیلئے استدعا کی تھی۔