گرمی کی شدت اور دھوپ کی تمازت میں غیر معمولی اضافہ

   

شہر میں درجہ حرارت 41 تا 42 ڈگری ، اضلاع میں 43 ڈگری سلسیس سے تجاوز

حیدرآباد۔29۔مارچ(سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں آج درجہ حرارت 41اور 42 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرگیا جس کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کی بیشتر سڑکوں پر دن کے اوقات میں ٹریفک کی آمد و رفت نہیں رہی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے بعد گذشتہ دو یوم سے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں کئی علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس کو تجاوز کرنے کے بعد گرمی کی شدت اور دھوپ کی تمازت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس سے تجاوزکرچکا ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ماہ اپریل کے دوران ریاست تلنگانہ کے اضلاع بشمول شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں گرمی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہونے کا خدشہ ہے اور کہا جار ہاہے کہ شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں بھی گرمی کی انتہاء ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ کے ساتھ عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت شدید گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور شام کے اوقات میں ہی گھروں سے نکلیں کیونکہ دوپہر کے وقت گھروں سے نکلنے اور باہر رہنے کے نتیجہ میں لو لگنے کے خدشات ہیں کیونکہ دھوپ کی تمازت میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ ساتھ گرم ہواؤں کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے اور شام کے وقت چلنے والی ہواؤں میں بھی گرمی اور لو کی کیفیت محسوس کی جانے لگی ہے۔ دونوں شہروں میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس کو عبور کرجانے کے بعد شہر کی سڑکوں بالخصوص سوماجی گوڑہ ‘ پنجہ گٹہ ‘ بیگم پیٹ‘ حیدرگوڑہ ‘ حمایت نگر‘ بشیر باغ ‘ بنجارہ ہلز ‘ جوبلی ہلز ‘ مادھاپور کے علاوہ دیگر مقامات پر ٹریفک میں کمی دیکھی گئی اور سڑکیں سنسان نظر آرہی تھیں جبکہ پرانے شہر کے علاقوں میں شدید گرمی کے باوجود ماہ رمضان المبارک کے نتیجہ میں بازاروں میں گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے لیکن ڈاکٹرس کا کہناہے کہ موسم کی شدت کے دوران زیادہ گہما گہمی میں اور گھومنے اور پھرنے سے گریز کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ گرمی کی شدت کے دوران لو لگنے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں۔3