گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان

   

درجہ حرارت 45ڈگری سلسیس ہوسکتا ہے
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ پر کوئی قابو نہیں ہے بلکہ گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ 5 یوم کے دوران درجہ حرارت میں مزید 3تا4ڈگری سیلسیس کا اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں گذشتہ دو یوم کے دوران گرمی سے کچھ راحت کے بعد اب دوبارہ گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔محکمہ موسمیا ت کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہا جا رہاہے کہ جاریہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں ۔ گذشتہ تین یوم کے دوران شہر کے کئی نواحی علاقوں میں بارش کے بعد گرمی میں مزید اضافہ ریکارڈ کیاجارہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے شہری اضلاع میں آئندہ 5یوم کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ گرم ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے اور آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت اور ماقبل مانسون کی برساتوں کا سلسلہ شروع ہونے کا بھی امکان ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس کو عبور کرچکا ہے اور آئندہ دنوں میں 45 ڈگر ی سیلسیس تک پہنچنے کا بھی خدشہ ہے اور اس دوران لو لگنے کے واقعات سے محفوظ رہنے کے لئے شہریوں کو شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کا مشورہ دیا جا رہاہے تاکہ گرمی اور لو لگنے کے سبب پیش آنے والے واقعات سے تدارک ممکن ہوسکے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے علاوہ محکمہ صحت کی جانب سے بھی شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے کے لئے دھوپ کے اوقات میں نکلنے سے گریز کرنے کے علاوہ زیادہ سے زیادہ پانی کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ گرمی کے اثرات ان کی صحت پر نہ ہوں۔3