نئی دہلی ،8ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)دہلی سکھ گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی سکھ مذہب کے بانی گروناک دیو کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر سماج میں اخوت ،امن اور انسانیت کا پیغام دینے کے لیے 6اکتوبر کو دہلی کے گردوارہ رکاب گنج سے پنجاب کے گردوارہ فتح گڑھ صاحب تک بائک ریلی کا اہتام کررہی ہے ۔کمیٹی کے سربراہ منجندر سنگھ سرسہ نے یہاں یواین آئی کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ 250کلومیٹر کی اس بائک ریلی میں پورے ملک سے تقریبا 1500بائیکر شرکت کریں گے اور 10گھنٹے میں یہ ریلی گردوارہ فتح گڑھ صاحب پہنچے گی ۔انھوں نے کہاکہ ‘ سربت دا بھلا بائک ریلی ’راستے میں کنڈلی بارڈر ،پانی پت ،کرنال ،انبالہ میں رکے گی جہاں مقامی سکھ برادری مختلف پروگرام منعقد کرکے بائیکروں کو عزت افزائی کریگی اور ریلی کے توسط سے گرونانک دیو کے مذہب ،ذات ،فرقہ اور علاقائی تعصب پسندی سے بالاتر ہوکر نئی نوجوان نسل کو انسانیت کی خدمت کے تئیں تحریک دیگی ۔ انھوں نے بتایاکہ ابھی تک تقریبا ایک ہزار بائیکر ز نے اس ریلی میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرواچکے ہیں اور ملک کے اہم بائیکرز کلب اس ریلی میں حصہ لینے کی توثیق کرچکے ہیں ۔