حلقہ لوک سبھا کھمم کا تلنگانہ بھون میں اجلاس سابق اسپیکر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کے درمیان اختلافات اور گروپ بندیوں کی وجہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کو شکست ہوئی ہے ۔ تلنگانہ بھون میں حلقہ لوک سبھا کھمم بی آر ایس قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ جھاڑ کی جن ٹہنیوں پر ہم بیٹھے تھے اس کو ہم نے خود کٹ کرلیا ہے ۔ حکومت کی کارکردگی متاثر کن تھی عوام پوری طرح مطمئن تھے تاہم پارٹی قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیوں سے پارٹی کو نقصان ہوا ہے ۔ جو ہوا ہے اب اس کو بھول کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کے قائدین زیادہ سے زیادہ حلقوں پر بی آر ایس کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں ۔ بصورت دیگر پارٹی کو مزید نقصان ہوگا ۔ پارٹی کے ہر کارکن کو سپاہی کی طرح کام کرتے ہوئے لوک سبھا کے انتخابات کو وقار کا مسئلہ بنانے اور انتخابات تک عوام کے درمیان رہنے کا پارٹی کے ارکان اسمبلی سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی کے قائدین کو مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا پارٹی کے قائدین نے گروپ بندی کی حد پار کردی اور یہ سونچا کے ایک ایم ایل اے کی شکست سے کیا ہوگا ۔ یہی سونچ پارٹی کو لے ڈوبی ہے ۔ ہمارے پاس کے سی آر جیسے سیاسی بصیرت رکھنے والے قائد ہیں ۔ جن کی ہمیشہ سونچ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود رہی ہے ۔۔ 2