حکومت کی تجویز کو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی منظوری، صرف تحریری امتحان کی بنیاد پر تقررات
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے تیاری کرنے والے نوجوانوں کیلئے ایک خوشخبری ہے ۔ گروپ I گروپ II اور دوسری گزیٹیڈ جائیدادوں پر تقررات کے عمل میں انٹرویو راؤنڈ کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے روانہ کردہ تجویز کو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے منظوری دے دی ہے۔ کمیشن کے صدرنشین جناردھن ریڈی کے بشمول دیگر 7 ارکان نے انٹرویو منسوخ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ انٹرویو منسوخ کرنے کے احکامات تلنگانہ حکومت بہت جلد جاری کرے گی ۔ اس فیصلہ کے بعد تحریری امتحان کے نتائج کی بنیاد پر ہی ملازمتوں پر تقررات کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انٹرویو کے انعقاد سے ایک طرف تقررات کے عمل میں تاخیر ہوگی اور دوسری طرف امیدواروں کی جانب سے انٹرویو کے انعقاد پر شکوک کا اظہار کیا جارہا تھا ۔ تمام امور کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ اس فیصلہ سے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن پر بھی کام کا بوجھ کم ہوگا اور جلد از جلد تقررات کا عمل مکمل ہوگا ۔ امکان ہے کہ اس سلسلہ میں بہت جلد حکومت کی جانب سے جی او جاری کردیا جائے گا ۔ حکومت کے احکامات کی بنیاد پر ہی تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے تقررات کئے جائیں گے ۔ قواعد کے مطابق امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ ن