گروگرام میں نمازکا تنازعہ سپریم کورٹ سے رجوع

   

نئی دہلی: راجیہ سبھا کے ایک سابق رکن محمد ادیب نے ریاست ہریانہ کے عہدیداروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ عرضی میں فرقہ وارانہ اور پرتشدد رجحانات کو روکنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق عدالت عظمیٰ کی طرف سے دی گئی ہدایات کی تعمیل کرنے میں حکام کی بے عملی کا الزام لگایا گیا ہے۔درخواست میں ریاست ہریانہ کے چیف سکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی مانگ کی گئی ہے۔ درخواست میں اس بنیاد پر توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست کی گئی ہے کہ ہریانہ کے حکام تحسین پونا والا بمقابلہ یونین آف انڈیا کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی تعمیل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔مذکورہ معاملے میں سپریم کورٹ نے 2018 میں ہجومی تشدد اور لنچنگ سمیت نفرت انگیز جرائم کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کنٹرول کرنے اور روکنے کے لیے کئی ہدایات جاری کی تھیں۔