گریجویشن کے نصاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا منصوبہ

   

کورسیس کو روزگار سے مربوط کرنے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اقدامات

حیدرآباد۔13۔نومبر(سیاست نیوز) گریجویشن کورسس کو روزگار سے مربوط کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت ریاستی محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے بڑے پیمانے پر بی اے ‘ بی ایس سی اور بی کام کورسس کے تعلیمی نصاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ تعلیم اور صنعت کے درمیان موجود فاصلہ کو کم کرنے کے لئے تلنگانہ کونسل برائے اعلیٰ تعلیمات کی جانب سے پیش کی گئی اس تجویز پر جلد ہی عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں گے اور آئندہ تعلیمی سال کے آغاز پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے گریجویشن کورسس کے لئے متبدلہ نصاب پیش کیا جائے گا۔ پروفیسر وی بالا کشٹا ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تعلیم اور صنعتوں کے درمیان پائے جانے والے فاصلہ کو کم کرنے کے سلسلہ میں تیار کئے جانے والے منصوبہ کو نظر میں رکھتے ہوئے کئے گئے اس فیصلہ پر آئندہ تعلیمی سال سے عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ صنعتی اداروں کی ضرورتوں اور انہیں درکار صلاحیتوں کو نظر میں رکھتے ہوئے تیار کئے جانے والے تعلیمی نصاب کی تیاری کے سلسلہ میں مشاورت کا آغاز کیاجاچکا ہے اور طلبہ میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر پیدا کرنے کے اقدامات کے ذریعہ انہیں صنعتی اداروں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بی۔ اے ‘ بی۔ایس ۔سی اور بی ۔ کام کورسس کے لئے دیگر پروفیشنل کورسس کی طرح انٹرن شپ روشناس کرواتے ہوئے اسے لازمی قرار دیا جائے گا اور اس طرح صنعتی اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان موجود دوریوں کو ختم کرتے ہوئے طلبہ کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔پروفیسر وی بالاکشٹیا نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کی جو منصوبہ بندی کی گئی ہے اس کے مطابق طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمند بنانے کے اقدامات کے طور پر نئے نصاب کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ انہو ںنے واضح کیا کہ ریاست میں گریجویشن کو قابل دسترس بنانے کے ساتھ ساتھ گھر تک تعلیم اور ہنر پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے گاتاکہ گریجویشن کرنے کے باوجود نوجوانوں میں بے روزگاری نہ رہے بلکہ وہ اپنے ہنر کی بنیاد پر روزگار حاصل کرنے کے اہل بن جائیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے گریجویشن کورسس میں اسکل ڈیولپمنٹ کورسس کو شامل کرتے ہوئے طلبہ کے معیار تعلیم اور انہیں فراہم کی جانے والی تعلیم کو روزگار سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور نصاب میں ان کورسس کو شامل کیا جائے گا۔3