گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی : اتم کمار ریڈی

   


متعلقہ اضلاع کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس ، متحدہ انتخابی مہم کی حکمت عملی

حیدرآباد : صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں پر کانگریس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون میں ایم ایل سی انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے سینئر قائدین اور محاذی تنظیموں کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ تین علیحدہ جائزہ اجلاسوں میں حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر اور نلگنڈہ، کھمم اور ورنگل اضلاع پر مشتمل نشستوں کی انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ متحدہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لیں اور طلبہ و نوجوانوں کے علاوہ سرکاری ملازمین پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جائزہ اجلاسوں میں دونوں حلقوں کے پارٹی امیدوار ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور راملو نائیک کے علاوہ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، رکن کونسل جیون ریڈی، ایم ششی دھر ریڈی، انجن کمار یادو، یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی، جنرل سیکریٹری انڈین یوتھ کانگریس انیل کمار یادو، مائناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، ترجمان جی نرنجن اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک قائدین نے انتخابی مہم کے سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کی اور کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے طلبہ اور سرکاری ملازمین ناراض ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارٹی کے دونوں امیدوار بہت جلد انتخابی مہم کا آغاز کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام 6 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں اور سینئر قائدین کے ساتھ انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے سرکاری ملازمین اور نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ گزشتہ چھ برسوں میں تلنگانہ عوام کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت ہے اور وہ کانگریس پارٹی کو کمزور کرنے کے مقصد سے اختلافات کی ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر کے سی آر نے یوٹرن لے لیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں ایک لاکھ 90 ہزار سرکاری محکمہ جات کی جائیدادیں خالی ہیں۔ چیف منسٹر نے 50 ہزار نشستیں پُر کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن ابھی تک تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور سرکاری ملازمین کیلئے سنہری موقع ہے کہ کانگریس پارٹی کو کامیاب کرتے ہوئے بی جے پی اور ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں۔ دونوں امیدواروں نے پارٹی قائدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات فراموش کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں تاکہ پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔