بھاری ریالی کا انعقاد ، صدر پردیش کانگریس اور ریاستی وزراء کی شرکت، بی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ مفاہمت کا الزام
حیدرآباد ۔10۔فروری (سیاست نیوز) کریم نگر ، میدک ، عادل آباد اور نظام آباد اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے چناؤ میں کانگریس امیدوار کی حیثیت سے نریندر ریڈی نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ کریم نگر ضلع کلکٹریٹ تک بھاری جلوس کی شکل میں ریاستی وزراء اور کانگریس قائدین پہنچے جہاں پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی ، وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ، وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا، وزیر جنگلات کونڈا سریکھا، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر ، رکن قانون ساز کونسل جیون ریڈی کے علاوہ چاروں اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی و کونسل نے شرکت کی۔ جلوس میں ہز اروں کی تعداد میں کانگریس کارکن شریک ہوئے اور ایم ایل سی نشست سے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کا عہد کیا کیا ۔ اس موقع پر خطاب میں مہیش کمار گوڑ نے کونسل کے انتخابات میں بی آ ر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو شکست دینے دونوں نے مفاہمت کرلی ہے۔ مہیش کمارگوڑ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کی طرح کونسل انتخابات میں بی آر ایس نے خفیہ طور پر بی جے پی کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی چناؤ میں بی آر ایس کو امیدوار دستیاب نہیں ہوئے کیونکہ تلنگانہ میں پارٹی کا صفایا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈ ی حکومت نے ایک سال میں تمام اہم انتخابی وعدوں پر عمل کا آغاز کردیا۔ ایک سال میں 50 ہزار سے زائد سرکاری جائیداوں پر تقررات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ افراد اور طلبہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ، لہذا گریجویٹ نشست پر کانگریس امیدوار نریندر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملیگی۔ انہوں نے چاروں اضلاع کے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار کی کامیابی کیلئے مساعی کریں اور گریجویٹ رائے دہندوں کو حکومت کے کارناموں سے واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت نے طبقاتی سروے مکمل کیا ہے اور مجالس مقامی کے انتخابات میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آئندہ سال حکومت دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس امیدوار نریندر ریڈی تعلیمی خدمات کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ ریاستی وزیر سیتکا نے کہا کہ کانگریس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانا کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ کانگریس حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر گریجویٹ ایم ایل سی نشست پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ گزشتہ 60 برسوں میں پہلی مرتبہ پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ ایم ایل سی چناؤ میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ بی جے پی کے ایجنڈہ کو ناکام بنائیں ۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ عوام کی بھلائی صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے ۔ رکن کونسل جیون ریڈی نے نریندر ریڈی کی کامیابی کیلئے مساعی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ گریجویٹ نشست پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔1