وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کامشورہ ، ووٹر لسٹ میں 6 نومبر تک ناموں کی شمولیت، حیدرآباد کے قائدین کا اجلاس
حیدرآباد:22 اکٹوبر ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد ، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے انتخابات میں کانگریس امیدوار کی کامیابی کیلئے قائدین کو متحدہ مساعی کرنی چاہیئے ۔ پونم پربھاکر نے گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے انتخابات کے سلسلہ میں آج تینوں اضلاع کے اہم قائدین کا اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے حدود میں ایم ایل سی الیکشن کی غیرمعمولی اہمیت ہیں اور ان الیکشن میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے ۔ انہوں نے قائدین و کارکنوں سے کہا کہ وہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی مہم میں شامل ہوکر اہل گریجویٹس کے ناموں کو فہرست میں شامل کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی الیکشن میں کانگریس کی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور پارٹی سینئر قائدین کے مشورہ پر ہائی کمان نے ایس رام موہن ریڈی کو امیدوار بنایا ہے ۔ پارٹی امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 6 نومبر تک گریجویٹس ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کی مہلت ہے لہذا اس سے استفادہ کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں ناموں کی شمولیت پر توجہ دی جائے ۔ حیدرآباد کے حدود میں اسمبلی حلقہ جات کے بوتھ سطح کے صدور و بلاک سطح کے ذمہ داروں کو فہرست رائے دہندگان کی مہم میں حصہ لینا ہوگا ۔ سرکاری اور خانگی اسکولوں کے ٹیچرس اور سرکاری و خانگی ملازمین سے رجوع ہوکر ناموں کی شمولیت کی ترغیب دی جائے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس و مبصرین کو پردیش کانگریس قائدین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ۔ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات جاری ہیں ۔ حیدرآباد کی جامع ترقی پر کئی ہزار کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ میں تمام اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر حیدرآباد کے وزراء کی جانب سے اجلاس منعقد کئے جائینگے ۔ اجلاس میں وزیراقلیتی بہبود محمد اظہر الدین ، حکومت کے مشیر پی ہنمنت راؤ ، رکن پارلیمنٹ ملو روی ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، ایم ایل سی امیدوار رام موہن ریڈی ، ارکان اسمبلی نوین یادو ، شری گنیش ، رکن کونسل بی وینکٹ ، خیریت آباد ، سکندرآباد اور حیدرآباد کے ضلع کانگریس صدور ، کارپوریشنوں کے صدور نشین اور اسمبلی انچارجس نے شرکت کی ۔ 1/S