گریٹر حیدرآباد میں بڑھتی ٹریفک پر قابو پانے کیلئے اقدامات

   

پیدل راہگیروں کیلئے 28 فٹ اوور بریجس کی تعمیر، اندرون تین ماہ تکمیل کا منصوبہ
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر 28 فٹ اوور بریجس کی تعمیر کے کام میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ شہر میں بڑھتی ٹریفک کے پیش نظر پیدل راہ گیروں کو سڑک عبور کرنے میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے کارپوریشن نے 20 مختلف مقامات پر فٹ اوور بریجس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ کام توقع ہے کہ آئندہ 3 تا 6 ماہ کے دوران مکمل ہوجائے گا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد میں ٹریفک میں دن بہ دن اضافہ ہوا ہے اور عوام کو سڑک عبور کرنے حتیٰ کہ فٹ پاتھ پر گزرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ کارپوریشن نے ٹریفک کے بہاؤ کو تیز کرنے اور پیدل راہ گیروں کیلئے علحدہ سہولت کے طور پر فٹ اوور بریجس کا منصوبہ بنایا ہے ۔ ایل بی نگر زون کے تحت پانچ فٹ اوور بریجس تعمیر کئے جارہے ہیں جو سرورنگر اسٹیڈیم ، کتہ پیٹ فروٹ مارکٹ کے علاقوں میں موجود ہیں۔ خیریت آباد زون میں 4 فٹ اوور بریجس کی تعمیر کا کام جاری ہے جن میں شیخ پیٹ اور پنجہ گٹہ کے حیدرآباد سنٹرل مال کے قریب بریج شامل ہیں۔ سکندرآباد زون میں 5 بریجس کی تعمیر کا منصوبہ ہے جن میں حمایت نگر ، نارائن گوڑہ ، گاندھی ہاسپٹل اور مشیرآباد شامل ہیں۔ کوکٹ پلی زون میں دو اور شیر لنگم پلی زون میں9 فٹ اوور بریجس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ یہ بریجس شاہ پور نگر ، ای ایس آئی ہاسپٹل ، میاں پور ، سائبر گیٹ وے ، ہائی ٹیک سٹی ، ٹیلیکام نگر ، گچی باؤلی اور بالا نگر میں رہیں گے۔ اسی دوران پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر تعمیری کام مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کو عبور کرنے کے لئے پیدل راہ گیروں کو فٹ اوور بریجس کی تعمیر کے بعد دشواری نہیں ہوگی۔