گری راج کی نتیش کمار سے ملاقات کے بعد آج بیگوسرائے روانگی

   

پٹنہ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے متنازعہ رکن پارلیمنٹ گری راج سنگھ جن کی توقعات کے برعکس حلقہ لوک سبھا نوادہ کے بجائے بیگو سرائے کیلئے امیدوار بنایا گیا ہے، آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے ملاقات کریں گے۔ گری راج سنگھ نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر سے اُن کی ملاقات کا وقت مقرر کرلیا گیا ہے جس کے لئے وہ نتیش کمار کے شکر گذار ہیں۔ پٹنہ میں چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد وہ جمعہ کے روز بیگوسرائے کے لئے روانہ ہوجائیں گے جہاں سے اُنھیں انتخابی مقابلہ کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ابتداء میں گری راج سنگھ نے بیگوسرائے سے مقابلہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اُن کی اصرار تھا کہ وہ موجودہ حلقہ پارلیمان نوادہ سے ہی مقابلہ کریں گے۔ تاہم پارٹی قومی صدر امیت شاہ کی جانب سے ایک بار پھر ہدایت جاری کرنے کے بعد بادل نخواستہ بیگوسرائے سے انتخابی مقابلہ کے لئے راضی ہوگئے ہیں جہاں اُن کا مقابلہ سابق جے این یو اسٹوڈنٹ لیڈر کنہیا کمار سے ہوگا۔ واضح رہے کہ جنتادل (یو) اور بی جے پی یراست میں 17 ، 17 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہیں جبکہ مابقی نشستوں پر حلیف جماعتیں ایل جے پی، آر ایل ایس پی و دیگر جماعتیں مقابلہ کریں گی۔