گلینڈیل عالمی اسکولوں کی فہرست میں شامل

   

گلوبل اسکول فاونڈیشن نے 400 کروڑ میں خریدنے کا فیصلہ کیا
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں چلائے جانے والے سرکردہ اسکول ’’گلینڈیل‘‘ عالمی اسکولوں کی فہرست میں اپنی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور سنگاپور سے تعلق رکھنے والی نان پرافٹ تنظیم گلوبل اسکول فاؤنڈیشن نے 400 کروڑ میں گلینڈیل اسکول کو خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 20 سال قبل قائم کئے گئے اس اسکول کو 350تا400 کروڑ میں گلوبل اسکول فاؤنڈیشن کی جانب سے خرید لئے جانے کے بعد اب گلینڈیل اسکول بھی آکریج انٹرنیشنل ‘ سانٹا ماریہ انٹرنیشنل اور چیرک انٹرنیشنل کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے اور اب گلینڈیل بھی انٹرنیشنل اسکولوں میں شمار کیا جائے گا۔ گلینڈیل اسکول کی بانی و ڈائریکٹر محترمہ انجم بابو خان نے اس نئے معاہدہ کے متعلق کئے گئے اعلان میں کہا کہ اب وہ 20 سال سے اس ادارہ کے ساتھ جذباتی وابستگی کے ساتھ رہی ہیں اور دو دہائیوں پر محیط اس سفر کے دوران ان کے تجربات و احساسات ناقابل بیان ہیں۔ انہوں نے 3اپریل کو روانہ کئے گئے ایک ای ۔ میل کے ذریعہ اسکول کے عملہ اور ذمہ داروں کو اس بات سے واقف کروایا۔ گلینڈل اسکول کے کیمپس تیلا پور‘ اور فینانشل ڈسٹرکٹ میں موجود ہیں اس کے علاوہ 11ایکڑ پر محیط کیمپس بندلہ گوڑہ میں بھی چلایا جا رہاہے۔محترمہ انجم بابو خان نے بتایا کہ جنوری 2023 میں گلوبل اسکول فاؤنڈیشن سے گلینڈل نے یہ معاہدہ کیا ہے ۔ گلوبل اسکول فاؤنڈیشن جو فی الحال دنیا کے 11ممالک میں اپنے اسکول چلا رہاہے نے 2022 میں اعلان کیا تھا وہ سال 2026 تک ہندستان میں 550ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتا ہے۔ بانی گلینڈیل نے بتایا کہ اسکول شعبہ تعلیم سے دوری کے بعد اب وہ اس بات کی کوشش کر یں گے کہ مختلف سماجی ‘ سرگرمیوں کے علاوہ ترقیاتی سرگرمیوں پر توجہ دیتے ہوئے غریب طبقات اور مستحقین کے درمیان پہنچ کر کا م کریں گے۔ محترمہ انجم بابوخان نے اپنے ای۔ میل کے ذریعہ عملہ اور عہدیداروں و ذمہ داروں کو اپنے مستقبل کے منصوبہ سے بھی واقف کروایا ۔ بتایاجاتاہے کہ جب گلینڈیل اسکول کا سال 2003میں43طلبہ کے ساتھ آغاز کیا گیا تھا اور اب اس تعلیمی ادارہ میں 3000طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ م