تقاریب اور وسرجن کو پرامن بنانے کے لیے مختلف ہدایات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : سٹی کمشنر پولیس سی وی آنند نے گنیش اتسو تقاریب کے انتظامات کے ضمن میں مختلف محکموں کے سربراہوں اور سینئیر آفیسرس کے ساتھ سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرس بنجارہ ہلز میں آج ایک اجلاس منعقد کیا ۔ کمشنر پولیس نے گنیش اتسو تقاریب کے دوران مورتیوں کو بیٹھانے ، پی او پی مورتیوں کے وسرجن اور جلوس کے راستوں کے علاوہ انتظامات اور احتیاطی اقدامات سے متعلق ہدایات بھی جاری کی ۔ محکموں پولیس میں کئی ایسے انسپکٹراں اور ڈی سی پیز ہیں جو پہلی مرتبہ گنیش اتسو تقاریب کے بندوبست میں شامل ہوں گے ۔ سی وی آنند نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جنوری سے تاحال مختلف طبقات کے تمام عید و تہوار و دیگر تقاریب پرامن امن انداز میں منعقد کئے گئے ہیں ۔ کورونا کے بعد ان پروگراموں میں کثیر اجتماع کے باوجود تمام تقاریب پرامن رہیں ۔ وہ تمام تقاریب کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل کی طرح تھیں جب کہ گنیش اتسو فائنل ہوگا اور ہم اس کو بھی موثر انداز میں مکمل کریں گے ۔۔