32 عارضی تالاب بنائے گئے ۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو
حیدرآباد 26اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست بھر بالخصوص شہر حیدرآباد میں گنیش تہوار کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے 32 عارضی تالاب بنائے گئے تاکہ وسرجن کو روکا جا سکے۔ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے آج مئیر حیدرآباد بی رام موہن اور رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندر کے ہمراہ خیریت آباد گنیش منڈپ کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں گنیش منڈپ کے آرگنائزرس کو مشورہ دیا گیا ہے وہ اپنے منڈپ 24X7سی سی ٹی وی کی نگرانی میں رکھیں اور کہیں بھی گنیش منڈپ لگانے کیلئے پولیس کی اجازت حاصل کریں۔ سرینواس یادو نے بتایا کہ تہوار کے ایام میں عوام کو کسی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست یا شہر میں کسی بھی مقام پر کوئی امن و ضبط کا مسئلہ پیدا نہ اور نہ ہی عوام کو رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تہوار کو پر امن اور خوشگوار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ حسین ساگر میں گنیش وسرجن کے انتظامات کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ںکو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی پائی جاتی ہے اور اس یکجہتی کی برقراری کیلئے حکومت اپنے طور پر کوشش کر رہی ہے لیکن کچھ شرپسندوں کی جانب سے مخصوص سیاسی جماعتوں کے ایجنڈہ کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے حکومت کی جانب سے ناکام بنایاجائے گااور تلنگانہ عوام اپنی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھیں گے۔