بی جے پی کو کوئی موقع نہیں دیا گیا،سوشیل میڈیا پر وائرل اندیشے غلط ثابت ہوئے
حیدرآباد ۔9 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے گنیش وسرجن جلوس کے پرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس عہدیداروں کی چوکسی اور بہتر حکمت عملی کی ستائش کی۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے چند دن قبل جلوس کے پرامن انعقاد کیلئے پولیس عہدیداروں کو واضح ہدایات جاری کردی تھیں۔ جمعہ کے موقع پر جلوس کی صورت میں مختلف اندیشوں کا اظہار کیا جارہا تھا ۔ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو پی ڈی ایکٹ کے تحت جیل بھیجنے پر حامیوں کی ناراضگی کے اندیشے بھی غلط ثابت ہوئے ۔ چیف منسٹر نے انٹلیجنس کے ذریعہ رپورٹ لی جس میں بتایا گیا کہ جمعہ کے باوجود جلوس پرامن طور پر اختتام کو پہنچے گا۔ چیف منسٹر آج صبح سے جلوس کی معلومات حاصل کر رہے تھے اور انہوں نے بعض عہدیداروں سے ربط کرکے صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ چیف منسٹر نے جو منصوبہ بندی کی تھی ، وہ کامیاب رہی اور بی جے پی حامی کسی مقام پر امن کیلئے خطرہ پیدا نہ کرسکے۔ گزشتہ برسوں کے مقابلہ اس مرتبہ حکمت عملی میں تبدیلی کرکے دوپہر تک راستوں کی ناکہ بندی کے بجائے ٹریفک کی اجازت دی گئی تاکہ جلوسیوں کو یہ خیال نہ رہے کہ راستہ میں انہیں مکمل آزادی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے تھے کہ بی جے پی کو صورتحال بگاڑنے کا کوئی موقع نہ ملے کیونکہ اگر حیدرآباد میں کوئی واقعہ ہوگا تو اس کا اثر اضلاع میں پڑسکتا ہے ۔ منوگوڑ کے ضمنی چناؤ میں کامیابی کیلئے بی جے پی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے لیکن چیف منسٹر کو موصولہ رپورٹ کے مطابق بی جے پی کا موقف کمزور ہے ۔ تلنگانہ میں قدم جمانے بی جے پی کی کوششوں کو روکنے میں گنیش جلوس کا پرامن انعقاد حکومت کی اہم کامیابی تصور کی جار ہی ہے ۔ جلوس کے راستہ میں کسی بھی مقام پر عوام میں کوئی اشتعال یا کشیدگی نہیں دیکھی گئی۔ مجموعی طور پر محسوس ہورہا تھا کہ حیدرآباد کے عوام امن چاہتے ہیں اور وہ سوشیل میڈیا کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہیں ہوئے ۔ ر