گنیش منڈپوں میں برقی سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں

   

برقی عہدیداروں کے ساتھ مشرف فاروقی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔6۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی نے گنیش فیسٹول کے دوران گنیش منڈپوں کے پاس برقی سربراہی سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ مشرف فاروقی نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے 7 ستمبر سے شروع ہونے والے 11 روزہ گنیش فیسٹول میں برقی سربراہی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ گنیش منڈپوں کو برقی سربراہی کے بعد احتیاطی تدابیر پر توجہ دی جائیں تاکہ عوام کو کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ گنیش منڈپوں کو بلا وقفہ برقی سربراہی یقینی بنائی جائیں۔ حکومت نے گنیش منڈپوں کو مفت برقی سربراہی کا فیصلہ کیا ہے۔ برقی عہدیداروں کو اپنے اپنے علاقوں میں گنیش منڈپوں کا دورہ کرتے ہوئے برقی سربراہی کا جائزہ لینا چاہئے ۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ برقی سربراہی کے معاملہ میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے منڈپوں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ برقی کے سلسلہ میں تمام تر احتیاطی تدابیر اختیارکریں اور عوام کو بھی اپنے طورپر چوکس رہنا چاہئے۔ برقی سربراہی کے سلسلہ میں آئی ایس آئی مارک کے برقی تار ہونے چاہئے ۔ انہوں نے برقی کی سربراہی میں استعمال ہونے والے آلات کے معیاری ہونے کا مشورہ دیا تاکہ کسی بھی حادثہ سے بچا جاسکے۔ برقی سربراہی سے متعلق کسی بھی مسئلہ کے حل کیلئے گنیش منڈپوں کے آرگنائزرس فون نمبرات 1912 اور 100 سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں ڈائرکٹر آپریشن ڈاکٹر نرسمہلو ، چیف انجینئرس کے سائی بابا ، وی شیواجی ، پی آنند اور سپرنٹنڈنگ انجنیئرس شریک تھے۔ 1