گوالیار کے دواخانہ میں آتشزدگی، تمام مریض محفوظ

   

گوالیار : مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ایک دواخانہ کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں آگ لگنے سے خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کچھ کوششوں کے بعد وہاں داخل تقریباً سولہ خاتون مریضوں کو بحفاظت باہر نکال کر دوسرے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ دواخانہ انتظامیہ کے مطابق ہفتے کی دیر رات کملاراجا ویمن اسپتال کے آئی سی یو میں نصب ایئر کنڈیشنر (اے سی) میں اچانک شارٹ سرکٹ ہو گیا جس سے آگ لگ گئی اور دھواں پھیل گیا۔ وہاں موجود عملے نے فوری طور پر آئی سی یو میں داخل تقریباً 16 خاتون مریضوں کو دوسرے وارڈ میں منتقل کیا اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں بھی کیں۔ آگ پر کچھ دیر بعد قابو پالیا گیا لیکن تب تک آئی سی یو کا بڑا حصہ وسیع پیمانے پر تباہ ہوچکا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اہلکاروں کے ساتھ دواخانہ انتظامیہ کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ اسپتال بنیادی طور پر خواتین اور بچوں کا علاج کرتا ہے اور آئی سی یو میں بنیادی طور پر زچگی سے متعلق خواتین داخل تھیں۔
سبھی کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور ان کا علاج دوسری جگہ پر جاری ہے ۔