گوداوری اور کرشنا دریاؤں کے پانی کے بہاؤ میں کمی

   

ناگر جنا ساگر کی سطح آب لبریز، تمام گیٹس کی کشادگی

حیدرآباد 18 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی دو بڑی ریاستوں کرناٹک اور مہاراشٹرا میں گزشتہ چند دنوں سے جاری بارش میں کمی کے باعث اب دونوں دریاؤں گوداوری اور کرشنا کے جاری بہاؤ میں بھی کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ جس کے باعث اب جورالا پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں رفتہ رفتہ کمی ہورہی ہے۔ فی الوقت جورالا پراجکٹ میں 5.54 لاکھ کیوزکس پانی کی آمد (انفلو) رہنے پر اس سے کہیں زیادہ 5.35 لاکھ کیوزکس پانی کا اخراج (آؤٹ فلو) کیا جارہا ہے تاکہ ماہ ستمبر میں آنے والے پانی کے تیز بہاؤ کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کئے جاسکیں۔ جورالا پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق جورالا پراجکٹ کے جملہ 34 گیٹس کھول کر پانی نچلی سطح کے لئے خارج کیا جارہا ہے۔ جورالا پراجکٹ میں ذخیرہ آب کی جملہ گنجائش 9.657 ٹی ایم سی رہنے کے منجملہ فی الوقت 7.759 ٹی ایم سی پانی موجود ہے۔ اسی طرح جورالا پراجکٹ کی جملہ سطح آب 318.515 میٹرس کے منجملہ فی الوقت جورالا پراجکٹ کی جملہ سطح آب 317.560 میٹرس پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں سری سیلم پراجکٹ میں پانی کے بہاؤ میں کمی کے باعث فی الوقت پانی کے بہاؤ یعنی پراجکٹ میں پانی کی آمد (انفلو) 6.23 لاکھ کیوزکس کے منجملہ 6.50 لاکھ کیوزکس پانی پراجکٹ سے خارج (چھوڑ دیا) کیا جارہا ہے۔ سری سیلم پراجکٹ کی جملہ سطح آب 885 فٹ ہونے کے منجملہ فی الوقت مکمل سطح آب 881.40 فٹ پائی جاتی ہے۔ جبکہ سری سیلم پراجکٹ سے فی الوقت سری سیلم لفٹ بنک کنال سے برقی پیداوار کے لئے 31.031 کیوزکس، رائیٹ بینک کنال سے برقی پیداوار کے لئے 42.378 کیوزکس کلواکرتی لفٹ اریگیشن اسکیم کے لئے 2400 کیوزکس، پوتی ریڈی پاڈو ہیڈ ریگولیٹری کے ذریعہ 34 ہزار کیوزکس پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ سری سیلم پراجکٹ سے دس گیٹس کھول کر ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے لئے جملہ 5.43 لاکھ کیوزکس پانی چھوڑا جارہا ہے۔ جس کے نتیجہ میں ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب مکمل ہونے کے نشانہ تک پہونچ جانے کی وجہ سے ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے بھی تمام گیٹس کھول کر دریائے کرشنا میں نچلی سطح کے لئے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ اس طرح ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں جملہ 5.25 لاکھ کیوزکس پانی کی آمد (انفلو) کا سلسلہ جاری رہنے کی روشنی میں اتنا ہی پانی ناگر جنا ساگر پراجکٹ سے (5.25 لاکھ کیوزکس) پانی چھوڑا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی مکمل سطح آب 590 فٹ رہنے کے منجملہ فی الوقت ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں جملہ سطح آب 586 فٹ پائی جاتی ہے۔ اسی طرح ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے بعد دریائے کرشنا پر پائے جانے والے پولی چنتلا پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ جاری ہے جس کی وجہ سے اس پراجکٹ میں پانی کا انفلو 5.61 لاکھ کیوزکس ریکارڈ کیا گیا اور 5.89 لاکھ کیوزکس پانی کا پولی چنتلا پراجکٹ کے ذریعہ خارج بھی کیا جارہا ہے جبکہ پولی چنتلا پراجکٹ کی جملہ سطح آب 175 فٹ پائی جاتی ہے۔ اس طرح پولی چنتلا پراجکٹ کے 14 گیٹس کھول کر دریائے کرشنا میں نچلی سطح کے لئے پانی چھوڑا جارہا ہے۔