گودھرا فسادات کے 13 ملزمین کی کمیونٹی سرویس

   

اندور اور جبلپور میں خدمت انجام دینے کی تیاری
اندور ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گودھرا فسادات 2002ء میں ماخوذ کئے گئے 15 ملزمین کی سپریم کورٹ نے ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد انہیں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ کمیونٹی سرویس انجام دیں۔ ان ملزمین میں سے 13 ملزمین کمیونٹی سرویس کیلئے جبلپور اور اندور پہنچ گئے ہیں۔ دو گروپ میں یہ ملزمین کمیونٹی سرویس انجام دیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 6 افراد اندور پہنچ چکے ہیں جبکہ ماباقی 7 ملزمین جبلپور پہنچ گئے جہاں وہ نرمدا کمبھ میں رضاکارانہ طور پر 24 فبروری سے خدمت انجام دینا شروع کریں گے۔ گجرات فسادات کے دوران ضلع آنند میں ان لوگوں نے 23 افراد کو زندہ جلا دیا تھا اس پر انہیں عمر قید کی سزاء سنائی گئی تھی۔ 28 فبروری کو سپریم کورٹ نے ان ملزمین کو دو گروپ میں تقسیم کردیا اور ایک کو اندور اور دوسرے کو جبلپور جانے کا حکم دیا جہاں وہ کمیونٹی سرویس انجام دیں گے۔ انہیں ہدایت دی گئی ہیکہ وہ ان شہروں میں واقع پولیس اسٹیشنوں میں رپورٹ کرتے رہیں۔