گودھرا ٹرین آتشزنی کے تین مجرمین کو ضمانت سے انکار

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آج 2002 کے گودھرا ٹرین آتشزنی کیس میں عمر قید کی سزا بھگت رہے تین مجرمین کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی سہ رکنی بنچ نے 17سال سے جیل میں قید تینوں قصورواروں کی اپیل پرسماعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایک شخص کے قتل کا معاملہ نہیں ہے ۔ یہ واقعہ بہت سنگین ہے ۔ اس لیے ہم اس معاملے میں اس مرحلے پر ضمانت دینے کیلئے مائل نہیں ہیں۔تاہم عدالت عظمیٰ نے قصورواروں کی عرضی کو مزید سماعت کیلئے سنگل بنچ کے سامنے درج فہرست کرنے سے اتفاق کیا۔جسٹس چندر چوڑ کی سربراہی والی بنچ نے گجرات حکومت کی طرف سے پیش ہونے سالیسٹر جنرل تشار مہتا اور ملزمان کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ سنجے ہیگڑے کے دلائل سننے کے بعد اپنا حکم جاری کیا۔2002 میں گودھرا ٹرین سانحے میں 59 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔