گورنر اور چیف منسٹر نے عوام کودسہرہ کی مبارکباد پیش کی

   

حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) گورنر جشنو دیو ورما اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ عوام کو وجئے دشمی (دسہرہ) تہوار کی مبارکباد پیش کی ہے۔ گورنر نے اپنے پیام میں کہا کہ وجئے دشمی کے تحت نو راتری فیسٹول سے خوشیوں اور مسرت کا آغاز ہوتا ہے۔ وجئے دشمی تہوار دراصل برائی پر اچھائی کی جیت ہے اور یہ تہوار ہر کسی کو یہ پیام دیتا ہے کہ وہ متحدہ طور پر برائیوں ، بیماریوں ، ماحولیاتی خطرہ اور ملک کو درپیش بیرونی خطرات کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو طاقتور اور صحت مند ملک بنانے میں ہر کسی کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔ گورنر نے دسہرہ کے موقع پر ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام کو دسہرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ثقافت میں دسہرہ کو خاص مقام حاصل ہے۔ برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت کے طور پر دسہرہ کو وجئے دشمی کے نام سے ملک بھر میں منایا جاتا ہے ۔ یہ تہوار تلنگانہ کے تمام طبقات کی یکجہتی کی مثال ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خصوصی پوجا ، جمی کے پتہ کو سونے کے طور پر الائی بلائی کی رسم ادا کرنا ، بزرگوں کی دعائیں لینا اور نیک شگون سمجھ کر خصوصی پرندہ کو دیکھنا تلنگانہ کی تحریک کا حصہ ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔1