گورنر جگدیپ کو ہٹانے ٹی ایم سی صدر سے رجوع

,

   

کولکاتا : گورنرمغربی بنگال جگدیپ دھنکر اور بنگال حکومت کے درمیان اختلافات کی گرماہٹ اب دہلی پہنچ چکی ہے ۔پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دور ان صدر جمہوریہ کے خطاب کے بعد ترنمول کانگریس کے لوک سبھا لیڈر سدیپ بندو پادھیائے نے صدر کووند سے ملاقات کے دوران گورنر کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں پارلیمانی جمہوریت کے تحفظ کے لئے جگدیپ دھنکر کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔صدر کے خطبہ کے بعد سدیپ نے میڈیا کو بتایاکہ صدر بجٹ اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ میںخطاب کرنے آئے تھے ۔ وہ بھی اس وقت سنٹرل ہال میں موجود تھے ۔ اس موقع پر میں نے صدر کو براہ راست پارٹی کے دیرینہ مطالبہ سے واقف کروایا۔صدر کے خطاب کے دوران پہلی صف میں وزیر اعظم نریندرمودی اور دیگر پارٹیوں کے سربراہ تھے ، وہاں سدیپ بھی موجود تھے ۔صدر خطاب کے بعد وزیر اعظم سمیت دیگر پارٹی لیڈروں سے ملاقا ت کررہے تھے۔اس درمیان سدیپ نے بھی صدر سے ملاقات کی اور بنگال میں گورنر کی وجہ سے پارلیمانی جمہوریت کو درپیش خطرے سے واقف کروایا ۔سدیپ نے زور دیا کہ موجودہ گورنر کو ہٹانا ضروری ہے۔