گورنر نے راج بھون اسکول کے ایس ایس سی ٹاپرس کو تہنیت پیش کی

   

21 طلبہ کو 500 سے زائد نشانات، اساتذہ اور اسٹاف کی محنت کی ستائش
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے راج بھون اسکول سے تعلق رکھنے والے اُن طلبہ سے ملاقات کی جنھوں نے ایس ایس سی امتحانات میں ٹاپ رینک حاصل کیا۔ گورنر نے طلبہ اور راج بھون اسکول کے ٹیچرس سے ملاقات کی اور اسکول کی کارکردگی کی ستائش کی۔ راج بھون اسکول کا ایس ایس سی امتحانات میں نتیجہ 97 فیصد رہا۔ گورنر نے کماری حسینہ کو تہنیت پیش کی جنھوں نے 574 نشانات حاصل کرتے ہوئے ضلع میں ٹاپ رینک حاصل کیا۔ 500 سے زائد نشانات حاصل کرنے والے 21 دیگر طلبہ کو گورنر نے تہنیت پیش کی اور یادگاری مومنٹو حوالہ کیا۔ جشنو دیو ورما نے راج بھون اسکول کے ٹیچرس اور اسٹاف کی محنت شاقہ کی ستائش کی جس کے نتیجہ میں ایس ایس سی کا نتیجہ شاندار رہا۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکول کے نتائج میں مزید بہتری کے لئے ٹیچرس کو مساعی کرنی چاہئے۔ گورنر نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور بہتر مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اِس موقع پر گورنر کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور، راج بھون اسکول کے فیکلٹی ممبرس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ گورنر نے طلبہ کی تہنیت کے لئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا اور خطاب کرتے ہوئے مفید مشوروں سے نوازا۔1