گورنر نے چیف انفارمیشن کمشنر چندرشیکھر ریڈی کو حلف دلایا

   

راج بھون میں تقریب، اعلیٰ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے اسٹیٹ چیف انفارمیشن کمشنر جی چندرشیکھر ریڈی آئی ایف ایس ریٹائرڈ کو آج عہدہ کا حلف دلایا۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب میں گورنر نے چیف انفارمیشن کمشنر کو حلف دلایا جنھیں حکومت نے 3 سال کے لئے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ راج بھون کی تقریب کا آغاز اور اختتام قومی ترانہ سے ہوا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے تقریب حلف برداری میں حکومت کی نمائندگی کی۔ جی چندرشیکھر ریڈی نے تلگو میں خدا کے نام پر حلف لیا۔ تقریب میں صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، نائب صدرنشین بنڈا پرکاش مدیراج، صدرنشین فارمرس کمیشن ایم کودنڈا ریڈی، ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جیتندر کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ چندرشیکھر ریڈی تقرر سے قبل چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ محکمہ جنگلات میں پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے چیف انفارمیشن کمشنر کے عہدہ پر تقرر کے لئے اُن کے نام کی سفارش کی جسے گورنر نے منظوری دی۔ حکومت نے انفارمیشن کمشنرس کے طور پر 7 ناموں کی تجویز گورنر کو روانہ کی ہے جسے ابھی تک منظوری حاصل نہیں ہوئی۔1