گورنر و چیف منسٹر کا آج بھدرا چلم کا دورہ ‘ بارش کی تباہ کاریوں کا جائزہ

   

حیدرآباد ۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے سی آر بارش اور سیلاب سے متاثرہ بھدراچلم کا اتوار کو دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی سروے کریں گے جبکہ گورنر ٹرین کے ذریعہ بھدراچلم پہنچیں گے۔ کافی دنوں سے پرگتی بھون اور راج بھون میں دوریاں پیدا ہوگئی تھیں حال ہی میں تلنگانہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب میں چیف منسٹر کے سی آڑ نے راج بھون پہنچے تھے۔ چیف منسٹر اور گورنر نے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی تھی۔ سب تصور کررہے تھے کہ دونوں کے درمیان جو اختلافات تھے وہ ختم ہوچکے ہیں مگر ایک ہی مقام کو ایک ہی دن دونوں علحدہ روانہ ہورہے ہیں۔
چیف منسٹر آج ہی بذریعہ سڑک پرگتی بھون سے ورنگل کیلئے روانہ ہوچکے ہیں جہاں وہ ٹی آر ایس قائدکیپٹن لکشمی کانت راؤ کی قیامگاہ پر شب بسری کریں گے اور اتوار کی صبح ہیلی کاپٹر میں کڈم پراجکٹ تا بھدراچلم گوداوری میں جو سیلاب آیا اس کا ففضائی سروے کریں گے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار سروے میں چیف منسٹر کے ساتھ ہونگے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کا چیف منسٹر جائزہ لیں گے اور نقصانات پر معلومات حاصل کریں گے۔ واضح رہیکہ حالیہ بارش و سیلاب سے بھدرا چلم پانی میں محصور ہوگیا ہے۔ گورنر سوندرا راجن نے بھی اتوار کو بھدراچلم پہنچ کر متاثرہ علاقوں کا معائنہ اور عوام سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ن