گورنر کا خطاب جھوٹ کا پلندہ ، اپوزیشن کا واک آؤٹ

   

شملہ: ہماچل پردیش اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج ہنگامہ کے ساتھ شروع ہوا جب اپوزیشن کانگریس نے گورنر راجندر وشوناتھ ارلیکر کے خطاب کو جھوٹ کا پٹارہ قرار دیتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔بجٹ اجلاس کے پہلے ہی دن گورنر کے خطاب کے بعد اپوزیشن کانگریس کے ارکان نعرے بازی کے درمیان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے ۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ یہ خطاب مبینہ جھوٹ اور فریب کی مکمل دستاویز ہے اور حکومت گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔اپوزیشن لیڈر مکیش اگنی ہوتری نے تقریر کے ذریعے حکومت پر اپنی پیٹھ تھپتھپانے کا الزام لگایا لیکن وہ ہر محاذ پر ناکام رہی ہے اور عوام نے بھی اسے مسترد کر دیا ہے ۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ یہ حکومت خطاب کے شروع میں ہی مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کر رہی ہے ، جبکہ ایسے وقت میں ریاست کو کوئی مالی مدد نہیں دی گئی اور کئی بار وزیر اعظم نے ریاست کا دورہ کیا اور وزیر اعلیٰ جئے رام ٹھاکر دہلی گئے ۔اجلاس کے آغاز میں ایک بار پھر پچھلے دروازے سے بھرتیوں کا معاملہ اسمبلی کے باہر اچھلتا ہوا نظر آیا۔ حکمراں پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے مسٹر اگنی ہوتری نے کہا کہ حکومت اب بھی اس طرح کی بھرتیاں کر رہی ہے ۔