گوگل لنک کے ذریعہ عوام کو ٹھگنے والی ٹولی بے نقاب

   

شاطر ٹولی کے پانچ افراد گرفتار ، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /20 نومبر ( سیاست نیوز ) گوگل لنک کے ذریعہ عوام کو ٹھگنے والی ایک شاطر ٹولی کو سائبرآباد پولیس نے بے نقاب کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ اصل سرغنہ پولیس گرفت سے باہر ہے ۔ یہ ٹولی جو جم تارا ضلع ریاست جھارکنڈ سے تعلق رکھتی ہے ۔ ایسے متعدد واقعات میں ملوث ہے ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا ۔ سائبر کرائم پولیس سائبرآباد نے اس ٹولی کو بے نقاب کیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رام کمار منڈل ، ضمیر الدین انصاری ، جتیندر منڈل پریشد کمار منڈل اور روہیت راج کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ سنجے کمار عرف ببلو مفرور بتائے گئے ہے ۔ سائبرآباد پولیس نے 23 ستمبر کے دن ایک معروف ڈاکٹرز سے شکایت حاصل کی تھی ۔ اس خاتون ڈاکٹر کو 21 ستمبر کے دن ایک مسیج حاصل ہوا تھا اور اس مسیج میں اس خاتون ڈاکٹر کے کریڈیٹ کارڈ کو بلاک کردینے کی پیشگی اطلاع دی گئی اور مشورہ دیا گیا کہ اگر وہ چاہتی ہیں کہ ان کا کریڈیٹ کارڈ بلاک نہ ہوتو وہ مسیج میں دئے گئے اس لنک پر سے رجوع ہوں اور اپنی تفصیلات کو فراہم کرتے ہوئے جانچ کرلیں اور کے وائی سی کی تفصیلات کو پیش کریں ۔ جیسے ہی آن لائین دھوکہ باز افراد نے خاتون ڈاکٹر کو فرضی فیشنگ گوگل لنک روانہ کیا خاتون ڈاکٹر بہ آسانی ان کے جھانسہ میں آگئی اور تمام تفصیلات کو پیش کردیا جس کے چند گھنوٹں بعد اس خاتون ڈاکٹر کے بنک کھاتے سے 5 لاکھ 29 ہزار روپئے مختلف ای ویالٹ پر منتقل کردئے گئے ۔ اس بات کا پتہ چلنے کے بعد اس خاتون نے مسئلہ کو سائبر کرائم پولیس سے رجوع کردیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ سنجے کمار منڈل عرف ببلو سال 2016 سے سائبر جرائم میں ملوث ہے اور ہر مرتبہ اپنے طریقہ کار کو بدلتے ہوئے دھوکہ دینے میں مہارت رکھتا ہے ۔ جو جھارکھنڈ پولیس کے انتہائی مطلوب ترین مجرمین میں شامل ہے۔ جبکہ اس ٹولی کے گرفتار دیگر افراد رام کمار منڈل اور ضمیر الدین انصاری و دیگر بھی اس جرائم میں ملوث ہیں ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس ٹولی کو بے نقاب کرنے کے بعد عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ ایسے کسی بھی لنکس پر توجہ نہ دیں ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سائبر کرائم سائبرآباد مسٹر سی ایچ وائی سرینواس کمار و دیگر موجود تھے ۔