گیانیش کمار اور سکھبیر سندھو نئے الیکشن کمشنرس

,

   

کانگریس قائد ادھیر رنجن چودھری نے پیانل پر اٹھائے سوال

نئی دہلی :سکھبیر سنگھ سندھو اور گیانیش کمار کو ملک کے اگلے الیکشن کمشنر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ دونوں بیوروکریٹس ہیں اور انہیں الیکشن کمشنر بنانے کا فیصلہ وزیر اعظم مودی کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے۔ یہ دعویٰ کانگریس کے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کیا ہے۔وہ الیکشن کمشنرس کو منتخب کرنے والی وزیر اعظم مودی کی سربراہی والی اس کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہوئے تھے جس میں وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر قانون ارجن رام میگھوال بھی موجود تھے۔کمیٹی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وہ خود اور ارجن رام میگھوال میٹنگ میں موجود تھے۔ میٹنگ میں شرکت سے پہلے ہی میں نے ایک مختصر فہرست مانگی تھی۔ ایسا اس لیے کہ انتخاب سے پہلے مختصر فہرستیں بنتی ہیں۔ اگر دہلی پہنچتے ہی مجھے وہ فہرست مل جاتی تو مجھے امیدواروں کے بارے میں معلومات مل جاتی لیکن میٹنگ میں شریک ہونے سے قبل مجھے وہ نہیں مل سکی۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں جو فہرست دی گئی اس میں میں 212 نام تھے۔ وہ کل رات ہی دہلی پہنچے اور صبح 12 بجے سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں جانے سے پہلے تمام ناموں کے بارے میں تفصیلات جاننا مشکل تھا۔ کمیٹی میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ہیں اور اپوزیشن میں سے وہ صرف اکیلے تھے۔ اس کمیٹی میں شروع سے ہی اکثریت حکومت کے حق میں ہے۔کوئی کچھ کہے یا نہ کہے جو حکومت چاہے گی وہی فیصلہ ہوتا ہے۔ادھیر رنج چودھری نے کہا کہ چیف جسٹس آف انڈیا کو اس کمیٹی میں ہونا چاہیے تھا۔ گزشتہ سال بنائے گئے قانون نے اس میٹنگ کو ایک رسمی میٹنگ بنا دیا۔انہوں نے مزید کہ حکومت پیانل میں اکثریت میں ہے جس نے الیکشن کمشنر کے نام کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسی صورت حال میں وہ جو چاہتے ہیں وہ ہوتا ہے۔