اقلیتی برادری کے افراد سے ان کے ووٹر شناختی کارڈ چھینے کا الزام
کولکاتہ۔27؍ستمبر ( ایجنسیز ) سابق چیف منسٹر مغربی بنگال و ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے ذریعے جائز ووٹروں کے نام حذف کر کے ریاستی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی جیت میں مدد کی۔مغربی بنگال کے شری رام پور میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے متعلق شائع ہونے والی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے الیکشن کمیشن کا کس طرح استعمال کیا اس کی حقیقت اب سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ نہیں دیتے ملک بھر میں احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے اس معاملے پر ’انڈیا‘ اتحاد کی آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بھی بیان دیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو استعفیٰ دینا ہوگا ورنہ ملک بھر میں احتجاج جاری رہے گا۔ مرشدآباد ضلع کے ریجی نگر اسمبلی حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس حکمراں بی جے پی کے اشارے پر کام کر رہی ہے اور اقلیتی برادری کے لوگوں سے ان کے ووٹر شناختی کارڈ چھین رہی ہے۔