غلط کاریاں ثابت ‘ فوری عہدہ سے ہٹانے کا مطالبہ ۔ جہد کاروں نے بھی کئے دستخط ۔ طریقہ کار پر کی گئی تنقید
نئی دہلی 5 اکٹوبر ( ایجنسیز ) سابق بیورو کریٹس اور جہد کاروں کے ایک وفد نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ایک چارج شیٹ جاری کی ہے اور مواخذہ کی نوٹس بھی پیش کردی ہے ۔ الزام عائد کیا گیا کہ ان کی غلط کاریاں ثابت ہوچکی ہیں۔ اس وفد نے مطالبہ کیا کہ گیانیش کمار کو دفعہ 324(5) کے تحت عہدہ سے برخواست کیا جانا چاہئے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا تک جانے کے راستوں پر بے شمار رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں جب یہ وفد یہ چارج شیٹ اور نوٹس پیش کرنے پہونچ رہا تھا ۔ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا کہ گیانیش کمار نے غلط طریقہ کار اختیار کیا اور قانون اور دستوری فریضہ کی عمدا ہتک کی ہے ‘ اختیارات کا بیجا استعمال کیا ہے اور ان کا طریقہ کار ہندوستان کی انتخابی جمہوریت کیلئے تباہ کن کہا جاسکتا ہے ۔ وفد نے کہا کہ گیانیش کمار کے اقدامات سے الیکشن کمیشن کا وقار اور آزادی متاثر ہوئی ہے اس لئے انہیں مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ کہا گیا ہے کہ ان کے استعفی نہ دینے کی صورت میں ’ ہم ۔ ہندوستان کے عوام ‘ ان کے مواخذہ کی نوٹس پیش کرتے ہیں اور ان کی علیحدگی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ چارج شیٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ گینیش کمار نے الیکشن کمیشن کی اجتماعی کارکردگی کو متاثر کیا ہے ۔ فارم 6 میں غیر مجاز تبدیلیاں کی ہیں۔ ای سی آئی نیٹ ایپ کا غیر قانونی استعمال کیا گیا ہے ۔ ایس آئی آر کے ذریعہ بے شمار رائے دہندوں کے ووٹ حذف کردئے ہیں۔ طرز عمل ای سی آئی کی غیرجانبداری متاثر کر رہا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے قانونی فریضہ کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اس نوٹس پر دستخط کرنے والوں میں سابق لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ ‘ سابق معتمد داخلہ جی کے پلائی ‘ سابق سکریٹری برائے حکومت ہند امیتابھ پانڈے ‘ جئے شری مکرجی ‘ اشوک شرما ‘ سابق سنٹرل انفارمیشن کمشنر یشوردھن آزاد اور سیبق عہدیدار آشیش جوشی شامل ہیں۔ عائشے گھوش ‘ این سائی بالاجی ‘ دنیش سری رنگاراجن ‘ سندیپ یادو ‘ امریتا جوہری ‘ انجلی بھردواج اور یوگیندر یادو نے بھی اس پر دستخط کئے ہیں۔