وارانسی :وارانسی میں گیانواپی مسجد کا وضو خانہ اس وقت بند ہے کیونکہ اس کے اے ایس آئی سروے کرائے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس مطالبہ کو منظور کیا جائے گا یا نہیں، اس سلسلے میں فیصلہ 21 اکتوبر کو صادر کیا جائے گا۔ دراصل وضو خانہ کا اے ایس آئی سروے کرانے کے لیے راکھی سنگھ کی طرف سے داخل عرضی پر 19 اکتوبر کو سماعت مکمل ہو گئی ہے۔ فریقین کی دلیلیں سننے کے بعد ضلع جج کی عدالت نے حکم کیلئے21 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ماں شرنگار گوری کیس کی عرضی گزار راکھی سنگھ نے 29 اگست کو وکیل سوربھ تیواری اور انوپم دویدی کے ذریعہ سے گیان واپی کے سیل وضو خانہ کے اے ایس آئی سروے کے لیے 64 صفحات کی درخواست داخل کی تھی۔مسجد کمیٹی نے راکھی سنگھ کی طرف سے داخل عرضی پر سخت اعتراض کرتے ہوئے وضو خانہ کے سروے کی مخالفت کی ہے۔مسجد کمیٹی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے 17 مئی 2022 کو وضو خانہ کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اسے سیل کر دیا تھا۔