گیان واپی پر فیصلہ سنانے والے جج کو دھمکی

   

وارانسی : وارانسی کی گیان واپی مسجد کے سروے کا حکم دینے والے جج کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔ اسے ایک بین الاقوامی نمبر سے کال کے ذریعہ دھمکی دی گئی۔ جج کا کہنا ہے کہ انہیں بین الاقوامی نمبروں سے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی انہیں دھمکیاں مل چکی تھیں جس کی وجہ سے ان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی تھی۔ گیان واپی پر فیصلہ سنانے والے جج روی دیواکر فی الحال بریلی میں تعینات ہیں۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے انہیں وائی زمرہ کی سیکورٹی دینے کا حکم دیا تھا۔ تاہم چند روز قبل ان کا سیکورٹی کور ایکس زمرہ میں کم کر دیا گیا تھا۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے جج روی دیواکر اور ان کے خاندان کو وائی زمرہ کی سیکورٹی دی تھی۔ اس کے بعد ان کی سکیورٹی میں کمی کردی گئی۔ فی الحال ان کے پاس دو سیکورٹی اہلکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سیکیورٹی ناکافی ہے، کیونکہ دونوں اہلکاروں کے پاس خودکار بندوقوں اور جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہتھیاروں کی کمی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جسٹس دیواکر نے اس ہفتے ایس ایس پی سشیل چندر بھان گھلے کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ انہیں بین الاقوامی نمبروں سے دھمکی آمیز کالس موصول ہورہی ہیں، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔