گیا: آج بہار میں گیا ضلع کے آمس تھانہ علاقے کے گامہریہ گاؤں کے نزدیک جی ٹی روڈ پر آج بائک سوار تین مجرموں نے لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی-پشوپتی دھڑے ) کے لیڈر انور خان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔پولس ذرائع نے بدھ کو یہاں بتایا کہ آمس تھانہ علاقہ کے سیہولی گاؤں کے رہنے والے ایل جے پی لیڈر انور خان سیلون سے آرہے تھے ۔ جیسے ہی وہ گمہریہ مارکیٹ کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار تین مجرموں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس سے پہلے کہ لوگ کچھ سمجھ پاتے تینوں ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے ۔ اس دوران ایل جے پی لیڈر کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ قتل کی اطلاع ملتے ہی تھانہ آمس کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کے دوران موقع سے ایک دیسی ساختہ پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے ۔اسی دوران قتل کی اطلاع ملتے ہی حامی مشتعل ہو گئے اور آمس کے قریب جی ٹی روڈ (نیشنل ہائی وے -2) کو بلاک کر کے مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے لگے ۔قابل ذکر ہے کہ ایل جے پی لیڈر مسٹر خان 2005 سے مسلسل تین بار بہار اسمبلی الیکشن لڑ چکے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے 2010 میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور 2015 میں آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا۔ تاہم انہیں تینوں انتخابات میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 2002 سے گیا شہر میں انور خان کے نام کی دہشت تھی۔ اس دور میں وہ لوٹ، اغوا سمیت کئی سنگین مقدمات کا الزام تھا۔