گیس اخراج : مہلوکین کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ ایکس گریشیا

,

   

وینٹیلیٹر پر زیر علاج افراد کو 10 لاکھ اور دوسرے متاثرین کو ایک لاکھ امداد : جگن موہن ریڈی
امراوتی 7 مئی ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے وشاکھاپٹنم میں گیس کے اخراج سے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے فی کس ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ این ڈی آر ایف نے اس واقعہ میں مہلوکین کی تعداد 11 بتائی ہے ۔ چیف منسٹر نے اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے اور کہا کہ حکومت حکومت ایل جی پالیمرس کمپنی سے بات کریگی تاکہ مہلوکین کے رشتہ داروں میں ہر خاندان سے ایک فرد کو ملازمت فراہم کی جاسکے ۔ واقعہ پر جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ وینٹیلیٹر پر جو لوگ زیر علاج ہیں انہیں فی کس 10 لاکھ روپئے معاوضہ دیا جائیگا جبکہ آوٹ پیشنٹ کی حیثیت سے علاج کروانے والوں کو فی کس 25 ہزار روپئے دئے جائایں گے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے آندھرا پردیش میڈیکل کالج میں ضلع کلکٹر ونئے چند اور دوسروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا اور تفصیلات کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مختلف دواخانوں میں جو لوگ زیر علاج ہیں انہیں فی کس ایک لاکھ روپئے امداد فراہم کی جائے گی جبکہ پانچ گاووں میں جو 15 ہزار نفوس کی آبادی ہے انہیں فی کس 10 ہزار روپئے کی مدد فراہم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے اسپیشل چیف سکریٹری کی قیادت میں ایک اعلی سطح کی کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا جو گیس اخراج کی وجوہات کا پتہ چلائے گی ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے کنگ جارج ہاسپٹل کا دورہ کیا اور متاثر ین سے اظہار ہمدردی کیا ۔