ہائی وے پر سونے کے تاجر کو لوٹنے والی بین ریاستی ٹولی بے نقاب

   

مسروقہ رقم ضبط ، سائبرآباد اسپیشل پولیس آپریشن ٹیم اور شادنگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /24 جولائی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم اور شادنگر پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ہائی وے ڈاکہ زنی کرنے والی ایک بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 7 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 2 کروڑ 89 لاکھ 33 ہزار 8 سو روپئے کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی نے منصوبہ بند طریقہ سے سونے کے تاجر کو لوٹ لیا جس میں اس تاجر کا ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ جبکہ گرفتار افراد میں 2 حقیقی بہنیں اور ماں بیٹا بھی شامل ہے ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 21 سالہ ویشواجیت 22 سالہ منہور بنسالی 35 سالہ سجاتا 43 سالہ کامبلے 21 سالہ بی چوہان 20 سالہ دیپک راتھوڈ اور 39 سالہ سنیتا چندر کانت کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار افراد میں سجاتا اور سنیتا چندرا کانت حقیقی بہنیں ہیں ۔جبکہ وشواجیت اور بتسیا ماں بیٹے ہیں ۔ متاثرہ شکایت گذار شخص راجو ناگر سونے کا تاجر بتایا گیا ہے ۔ کیرلہ کے مختلف علاقوں سے کم قیمت پر سونا خریدکر یہ شخص دوسری ریاستوں میں فروخت کرتا تھا اور اکثر حیدرآباد آیا کرتا تھا ۔ حیدرآباد کے علاوہ ممئی اور دیگر بڑے شہروں میں یہ شخص سونا فروخت کرتا تھا ۔ 4 ماہ قبل اس شخص کے یہاں گرفتار ٹولی میں دوسرے درجہ کا شخص منوہر نیہال بحیثیت ڈرائیور ملازمت میں شامل ہوگیا اور اس نے راجو ناگر کے متعلق چند معلومات حاصل کرلیا ۔ منوہر کو راجو نے کلکشن کی ذمہ داری دی تھی اور یہ شخص اس کی رقم کو مارکٹ سے وصول کرتا تھا اور اس دوران اس نے راجو ناگر کو لوٹنے کی سازش کی اورعمل آوری کیلئے گرفتار اپنے ساتھیوں کو شامل کرلیا اور انہوں نے منصوبہ بندطریقہ سے شادنگر کے علاقہ کا انتخاب کیا اورجیسے ہی گاڑی شادنگر میں واقع ایک بڑے دھابہ پہونچی انہوں نے منصوبہ بند طریقہ سے گاڑی کو لوٹ لیا ۔ اس موقع پر گاڑی میں موجود رقم اور سونے کے زیورات لوٹ لئے ۔ اس ٹولی نے سگریٹ جلانے والے لائیٹر کی مدد سے جو بندوق نما ہے ۔ بندوق بتاتے ہوئے عملہ کو دھمکایا اور لوٹ لیا ۔ اس موقع پر سائبرآباد پولیس کے دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔