ہاسٹلس کی کشادگی کیلئے انگلش اینڈ فارن لینگویجس کے طلبہ کا احتجاج

   

حیدرآباد : انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی کے طلبہ نے ہاسٹلس کی کشادگی کا مطالبہ کرکے احتجاج منظم کیا۔ یونیورسٹی گیٹ کے روبرو طلبہ نے دھرنا منظم کرکے نعرہ بازی کی۔ طلبہ نے ریسرچ اسکالرس اور ماسٹرس کے درمیان سروے کا اہتمام کرایا جس میں 75% نے ہاسٹلس کی کشادگی کے حق میں رائے دہی ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسیس جاری رکھتے ہوئے ہاسٹلس کی کشادگی عمل میں لائی جائے ۔ہاسٹلس کے بند رہنے سے طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے سلسلے میں دشواری پیش آرہی ہے اور وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ یونیورسٹی کے انتظامیہ کو یادداشت پیش کی گئی اور طلبہ نے ای۔میل کے ذریعہ مہم تیز کردی ہے۔ دیگر یونیورسٹیز نے مرحلہ وار طور پر ہاسٹلس کی کشادگی عمل میں لائی ہے۔ اسی دوران یونیورسٹی کے انتظامیہ نے مرحلہ وار انداز میں ہاسٹلس کی کشادگی کا اشارہ دیا ہے۔