ہانگ کانگ کو چین کے سپرد کئے جانے کے 25 سال مکمل

   

ہانگ کانگ : ہانگ کانگ کو چین کے حوالے کیے جانے کے 25 برس مکمل ہونے پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس کی سربراہی چینی صدر نے کی۔سابق برطانوی نو آبادی ہانگ کانگ کو بیجنگ کے حوالے کرنے کے پچیس برس مکمل ہونے پر منعقد کی گئی خصوصی تقریب کی صدارت چینی صدر شی جن پنگ نے کی۔ اس موقع پر جمہوریت نواز مظاہرین کے ممکنہ احتجاج کے تناظر میں سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی۔ہانگ کانگ کے چین میں دوبارہ اتحاد کے 25برس مکمل ہونے پر جمعے کے دن ایک سرکاری تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اگرچہ اس تقریب میں چینی صدر شریک نہ ہوئے تاہم انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہانگ کانگ ہمیشہ ہی چین کا حصہ تھا اور بیرونی طاقتوں نے صرف وقتی طور پر ہی اس پر قبضہ کیا تھا۔اس تقریب کا آغاز پرچم کشائی کے ساتھ ہوا، ہانگ کانگ کی وکٹوریہ بندرگاہ پر چین اور ہانگ کانگ کے پرچم لہرائے گئے۔ اس موقع پر ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو جان لی نے اس تقریب میں شامل لوگوں کی تالیوں کے جواب میں ہاتھ اٹھا کر انہیں اپنی یک جہتی کا یقین دلایا۔ بعد ازاں شی جن پنگ ہانگ کانگ پہنچے، جہاں انہوں نے لی کی نئی حکومت کی ستائش بھی کی۔ چینی صدر نے ہانگ کانگ کو چین کے حوالے کیے جانے کے دن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ”اپنی دھرتی ماں کے ساتھ اتحاد کے ساتھ ہی ہانگ کانگ کے لوگ اپنے شہر کے مالک خود بن گئے تھے۔‘‘صدر شی نے مزید کہا کہ ہانگ کانگ کی حقیقی جمہوریت کا آغاز پچیس برس قبل اسی دن سے ہوا تھا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک طوفان کے بعد ہانگ کانگ کا ایک نیا جنم ہوا، جو ایک نئی توانائی کا حامل ہے۔