ہجومی تشدد کیخلاف قومی ہیلپ لائن سنٹر کا آغاز

   

نئی دہلی ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ناموں وکلاء، سماجی کارکن، پروفیسرس اور سینئر صحافیوں نے دہلی پریس کلب میں 1800-3133-60000 قومی ہیلپ لائن کا آغاز کیا ہے جس کی خدمات بالکل مفت ہیں۔ ہجومی تشدد اور نفرت انگیز جرائم سے متاثرہ افراد ٹیلیفون نمبر پر کسی خرچ کے بغیر اپنی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ تقریب افتتاح سے نفرت کے خلاف اتحاد کے نمائندے ندیم خان، بانی صدر اقلیتی عیسائی فورم، دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر اپوروانند، ڈاکٹر کفیل، سینئر قانون داں سنجے ہیگڈے، روی نائر، جمعیتہ العلماء کے مولانا حکیم الدین صاحب، سینئر صحافی اومیلیش، سپریم کورٹ کے قانون داں احتشام ہاشمی نے حاضرین سے خطاب کیا اور جماعت اسلامی ہند کے ملک محتشم خان نے کہاکہ یہ تشویشناک بات ہے کہ ہجومی تشدد اور نفرت انگیز جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ سپریم کورٹ کے قانون داں فضیل ایوبی اور مولانا عبدالرزاق صاحب نے بھی مخاطب کیا۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے پروفیسر غزالا جمیل کے بموجب مایوسی کی فضاء میں انصاف رسانی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ جماعت اسلامی کے معتمدین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج کی ذہنیت بدل دینا ضروری ہے اور انسانی جان و مال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا مسئلہ پر صرف بیان کافی نہیں انہیں اس کے انسداد کیلئے ٹھوس کارروائیاں کرنی ہوں گی۔