ہریانہ اسمبلی انتخابات: میوات کی تمام نشستوں پر کانگریس نے کیا قبضہ، تینوں حلقوں سے مسلم امیدوار کامیاب

,

   

ہریانہ کے مسلم اقلیتی علاقہ ضلع نوح یعنی میوات میں کانگریس نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اور یہاں کی تینوں نشستوں پر کانگریس نے قبضہ کیا ہے، کانگریس کی ٹکٹ پر جیتنے والے تینوں امیدوار کامیاب ہیں، اور انکا تعلق میو برادری سے ہے۔

2014 کے اسمبلی انتخابات میں دو نشستوں پر انڈین نیشنل لوک دل پر دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور ایک نشست پر آزاد امیدوار نے بازی ماری تھی۔ بھاجپا نے بھی اس بار دو مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا مگر دونوں کو شکست سے دو چار ہونا پڑا۔

نوح اسمبلی سے سے بھاجپا نے حال ہی میں آئی این ایل ڈی چھوڑ کر آنے والے یاسین خان خاندان سے تعلق رکھنے والے ذاکر حسین کو ٹکٹ دیا تھا۔ ذاکر حسین کو کانگریس کے آفتاب احمد نے 4038 ووٹوں سے شکست دی ہے۔ واضح رہے کہ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں ذاکر حسین نے آفتاب احمد کو 32796 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

فیروز پور حلقہ سے کانگریس نے مومن خان نے بازی ماری ہے اور بھاجپا کے امیدوار نسیم احمد کو 37004 ووٹوں سے ہرایا ہے ۔ نسیم احمد نے سال 2014 میں آئی این ایل ڈی امیدوار کے طور پر اپنی قسمت آزمائی تھی اور فتح بھی حاصل کی تھی۔

میوات کی پونہانہ حلقہ سے کانگریس کے محمد الیاس نے بازی ماری ہے۔ انہوں نے آزاد امیدوار اور موجودہ رکن اسمبلی رئیس خان کو محض 816 ووٹوں سے شکست دی۔ یہ مقابلہ کافی دلچسپ رہا۔ واضح رہے کہ رئیس خان 2014 میں آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اپنی قسمت ازمارہے تھے اور انہوں نے محمد الیاس کو شکست دی تھی۔ بعد میں وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے لیکن بی جے پی نے انہیں اس بار میدان میں نہیں اتارا تھا ۔ رئیس خان اس کے بعد آزاد امیدوار کے طور پر بذات خود میدان میں اترے اور محمد الیاس کو سخت ٹکر دی۔