عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے سدی پیٹ اسمبلی حلقہ میں ہریتا ہرم پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی اور حلقہ کے ٹی آر ایس قائدین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے ہریتا ہرم پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ ہر کسی کو اس پروگرام کی کامیابی میں حصہ ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں گاؤں اس پروگرام میں حصہ لینے کے لئے مختلف طبقات کی تنظیموں ، خواتین ، نوجوانوں اور کسانوں کو شامل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سماج اپنی ذمہ داری کو محسوس نہیں کرتا ، اس وقت تک یہ پروگرام کامیاب نہیں ہوگا۔ پروگرام کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اس پروگرام کے بغیر لاکھ ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں ، وہ بے فیض ثابت ہوں گے۔ انسان کی زندگی کے لئے یہ پروگرام اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے ذریعہ ماحولیات کے تحفظ کے علاوہ جنگلات کو سکڑنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ کسانوں ، عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کو شجرکاری کے سلسلہ میں حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری میں اہم رول ادا کرنے والے عہدیداروںکو نقد انعام دیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہریتا ہرم پروگرام پر 30 اگست کو دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔