ہریش راؤ نے 10 مسلمانوں کو عمرہ کے لیے روانہ کیا

   

حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کی جانب سے 10 مسلمانوں کو عمرہ کی ادائیگی کے لئے روانہ کیا گیا۔ جناب فاروق حسین سابق رکن قانون ساز کونسل نے سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے ان معتمرین کو شمس آباد ائیر پورٹ سے روانہ کیا ۔ انہو ںنے بتایا کہ گذشتہ 7 برسوں سے جناب ہریش راؤ اپنے حلقہ انتخاب سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے 10افراد کو ہر سال عمرہ کے لئے روانہ کررہے ہیں اور جاریہ سال بھی 10 افراد کی روانگی کا انتظام کیا گیا ہے۔ سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے ان معتمرین کی روانگی کے موقع پر اتفاق سے شمس آباد ائیر پورٹ پہنچنے والے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے بھی عمرہ کے لئے روانہ ہونے والوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اپنے سفر مقدس کے دوران کی جانے والی عبادتوں میں ریاست اور ملک کی ترقی کے لئے بھی خصوصی دعاء کریں۔ جناب فاروق حسین سابق رکن قانون ساز کونسل نے اس موقع پر پائلٹ روہت ریڈی سے خواہش کی کہ وہ بھی اپنے حلقہ اسمبلی سے تعلق رکھنے والے مستحقین کو عمرہ کے لئے روانہ کرنے کے انتظامات کریں جس پر پائلٹ روہت ریڈی نے اعلان کیا کہ ملک کے موجودہ ماحول میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قائم کرنے کے لئے وہ بھی اپنے طور پر جاریہ سال سے ہی حلقہ اسمبلی تانڈورسے تعلق رکھنے والے 10 مسلمانوں کو عمرہ کی ادائیگی کے لئے روانہ کرنے کے انتظامات کریں گے۔3