مریضوں کو حاصل ہونے والی طبی امداد کا جائزہ لیا۔ خوش اسلوبی سے پیش آنے طبی عملہ کو مشورہ دیا
حیدرآباد ۔ 4 جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے آج کوٹھی کے گورنمنٹ میٹرنیٹی ہاسپٹل کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو حاصل ہونے والی طبی خدمات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ ادویات، غذا وغیرہ وقت پر دستیاب ہورہی ہے یا مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے دریافت کیا۔ عہدیداروں نے وزیر کو بتایا کہ مریضوں کو تغذیہ بخش غذا فراہم کی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کے حدود میں 18 گورنمنٹ ہاسپٹلس میں مریضوں کے مددگاروں کو صرف 5 روپئے میں حکومت کی جانب سے کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ اس سے بھرپور استفادہ کرنے کا انہوں نے مریضوں کے مددگاروں کو مشورہ دیا۔ میڈیکل ٹسٹس، بلڈ، آکسیجن جیسی ایمرجنسی ضروریات ہاسپٹل میں موجود ہے یا نہیں اس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایمرجنسی میڈیسن اور خون کیلئے مریضوں یا ان کے رشتہ داروں کو باہر روانہ نہ کریں بلکہ ایسی سہولتیں 24 گھنٹے ہاسپٹل میں دستیاب رکھیں۔ ضرورت کے مطابق ادویات کا اسٹاک موجود رکھیں۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ کو مشورہ دیا کہ وہ مریض اور ان کے رشتہ داروں سے خوش اسلوبی سے پیش آئے تاکہ سرکاری ہاسپٹلس پر عوام کا مزید اعتماد بڑھ سکے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت عصری سہولتیں فراہم کرنے کے معاملہ میں سنجیدہ ہے۔ ہاسپٹل کے اطراف و اکناف صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔ن